۱۳۹۶/۲/۷   0:55  بازدید:2899     استفتاءات: آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای


اہل سنت کی اقتداء

 


اہل سنت کی اقتداء
 
س609۔ کیا اہل سنت کی اقتداء میں نماز جائز ہے ؟
 
ج۔ وحدت اسلامی کی خاطر ان کے پیچھے نماز جماعت پڑھنا جائز ہے۔
 
س610۔ میں کرد نشین علاقہ میں ملازمت کرتا ہوں وہاں اہل سنت کے آئمہ جمعہ و جماعت کی اکثریت ہے۔ ان کی اقتداء کے سلسلے میں کیا حکم ہے ؟ اور کیا ان کی غیبت جائز ہے ؟
 
ج۔ ان کے ساتھ ان کی جماعت اور نماز جمعہ میں شرکت کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے اور غیبت سے پرہیز کرنا لازم ہے۔
 
س611۔ اہل سنت کے ساتھ معاشرت اور ان کے ساتھ میل جول کی بنا پر نماز پنجگانہ میں شرکت کے دوران بعض موقعوں پر ہم بھی ان ہی کی طرح عمل کرتے ہیں مثلاً ہاتھ باندھ کر نماز پڑھنا اور اپنے وقت کی رعایت و پابندی نہ کرنا اور جانماز پر سجدہ کرنا، تو کیا ایسی نماز کا اعادہ کرنا ضروری ہے ؟
 
ج۔ اگر اسلامی اتحاد ان تمام چیزوں کا تقاضا کرے تو ان کے ساتھ نماز پڑھنا صحیح اور کافی ہے یہاں تک کہ مصلے پر سجدہ وغیرہ میں بھی کوئی مضائقہ نہیں ہے ، لیکن ان کے ساتھ ہاتھ باندھنا جائز نہیں ہے۔ مگر یہ کہ حالات اور ضرورت اس کا بھی تقاضا کریں۔
 
س612۔ مکہ اور مدینہ میں ہم اہل سنت کے ساتھ نماز جماعت پڑھتے ہیں اور ایسا اس لئے کرتے ہیں کہ امام خمینی(رح) کا فتویٰ ہے۔اور بعض اوقات مسجد میں نماز کی فضیلت حاصل کرنے کی غرض سے ظہر و مغرب کی نماز کے بعد، عصر و عشاء کی نمازیں ہم اہل سنت کی مساجد میں سجدہ گاہ کے بغیر فرادیٰ پڑھتے ہیں ، ان نمازوں کا کیا حکم ہے ؟
 
ج۔ مذکورہ فرض میں نماز صحیح ہے۔
 
س613۔ ہم شیعہ دوسرے شہروں میں اہل سنت کی نماز میں کیسے شرکت کریں جبکہ وہ ہاتھ باندھ کر نماز پڑھتے ہیں ؟ اور کیا ان کی طرح ہاتھ باندھنا ہمارے اوپر واجب ہے یا ہم ہاتھ باندھے بغیر نماز پڑھیں ؟
 
ج۔ اگر اسلامی اتحاد کی رعایت مقصود ہو تو اہل سنت کی اقتداء جائز ہے اور ان کے ساتھ نماز پڑھنا صحیح و کافی ہے ، لیکن نماز میں ہاتھ باندھنا واجب نہیں ہے بلکہ جائز بھی نہیں ہے مگر یہ کہ وہاں حالات اسی کے متقاضی ہوں۔
 
س614۔ اہل سنت کی نماز جماعت میں شرکت کے وقت قیام کی حالت میں دونوں طرف کھڑے ہوئے اشخاص کے پیروں کی چھوٹی انگلی سے انگلی ملانے کا کیا حکم ہے جبکہ وہ اس کو لازم سمجھتے ہیں ؟
 
ج۔ یہ واجب نہیں ہے ، لیکن اگر ایسا کرے تو اس سے نماز کی صحت متاثر نہیں ہو تی۔
 
س615۔ اہل سنت وقت اذان مغرب سے قبل ہی مغرب کی نماز پڑھتے ہیں کیا حج کے زمانہ میں یا اس کے علاوہ ہمارے لئے ان کی اقتداء کرنا اور اس نماز پر اکتفاء کرنا صحیح ہے ؟
 
ج۔ یہ معلوم نہیں ہے کہ وہ وقت سے پہلے نماز پڑھتے ہیں لیکن اگر مکلف کے لئے وقت ثابت نہ ہو ا ہو تو اس کا نماز میں شامل ہو نا صحیح نہیں ہے ہاں اگر اسلامی اتحاد مقصود ہو تو اس وقت ان کے ساتھ نماز پڑھنے اوراس پر اکتفاء کرنے میں کوئی مانع نہیں ہے۔